اسلام آباد(آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ میں کشمیر کے حوالے سے اپنے بیان پر قائم ہوں،بھارتی میڈیا منفی کردار ادا کررہا ہے،یہ میڈیا ہی ہے جس کیوجہ سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کبھی بہتر نہیں ہوسکتے۔جمعرات کو اپنے ایک بیان میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ بھارتی عوام پاکستانیوں اور پاکستانی کرکٹرز سے پیار کرتی ہے لیکن میڈیا ہمیشہ کی طرح
منفی کردار ادا کررہا ہے،میں نے بھارت کیخلاف اس لیے بیان دیا تھا کہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ہورہے ہیں محالیہ دنوں میں بھارتی فوج نے درجنوں بے گناہ کشمیریوں بربریت کا نشانہ بنا کر شہید کیا،میں اپنی فاؤنڈیشن بھی انسانیت کی خدمت کیلئے چلارہا ہوں، کشمیر ہو یا کوئی اور ملک جہاں بھی ظلم ہوگا میں آواز اٹھاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے آئی ایس آئی کا ایجنٹ قرار دیا جارہا ہے،میں اگر کرکٹر نہ ہوتا تو پاکستان کا فوجی ہوتا،میری فوج جو کررہی ہے مجھے اس پر فخر ہے،میں بھی پاکستانی فوج کا سپاہی ہوں۔شاہد خان آفریدی نے کہا کہ میں بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے پر لعنت بھیجتا ہوں،مجھے بلایا بھی گیا تو آئی پی ایل نہیں کھیلوں گا،ہماری پی ایس ایل بڑی لیگ ہے،وہ دن دور نہیں ہے جب پاکستان کی لیگ بھارتی لیگ سے بڑی ہوگی۔شاہد آفریدی نے بھارتی میڈیا کو خبردار کیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ان کے بیان کو مثبت لیں اور اپنی حکومت سے کہیں کہ وہ کشمیر میں ظلم بند کرے۔مجھے بھارتی کرکٹرز کی کوئی پرواہ نہیں ہے،جب پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی تو رشی کپور سے ہار برداشت نہ ہوئی اور وہ پاکستان دشمنی میں آگے نکل گئے اب کچھ کرکٹرز آگے بڑھ کر میری کردار کشی کررہے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ میں بھارتی میڈیا کو کہتا
ہوں کہ وہ اپنی اصلاح کریں اور بھارتی عوام کو کہوں گا کہ منفی خبریں دینے والے میڈیا کا بائیکاٹ کریں۔واضح رہے پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کرکٹرشاہد خان آفریدی نے کشمیریوں کے ساتھ ہونیوالے انسانیت سوز مظالم کے خلاف سوشل میڈیا پر بیان دیا تھا جس کے بعد بھارت میں اس حوالے سے بحث و مباحثے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔شاہد آفریدی نیسوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ’’مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بہت پریشان کن ہے ،
ظالم حکومت اپنی حق خودارادیت اور آزادی کیلئے آواز بلند کرنیوالوں کو شہید کررہی ہے‘۔اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے استفسار کیا کہ’ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ اور عالمی تنظیمیں کہاں ہیں؟،حیرت ہے کہ یہ خونریزی کو بند کروانے کیلئے کردار کیوں ادا نہیں کر رہیں‘‘۔پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر کا یہ اقدام بھارتی میڈیا کو ایک آنکھ نہیں بھایا اور وہاں ایک طوفان کھڑا کردیا گیا ،بھارتی میڈیا نے آفریدی کے کشمیریوں کے حق میں ٹوئٹ کو
بھارت کی بے عزتی قرار دے دیا۔شاہد آفریدی کی اس ٹوئٹ پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان گوتم گھمبیر بھی میدان میں آگئے اور کہا کہ شاہد آفریدی کی کشمیر اور اقوام متحدہ سے متعلق ٹوئٹ پر کیا کہنے کو رہ جاتا ہے؟ ۔آفریدی اقوام متحدہ کی جانب دیکھ رہے ہیں، جو ان کی ڈکشنری میں ‘انڈر 19’ کے زمرے میں آتا ہے۔ میڈیا سکون سے رہے، شاہد آفریدی نو بال پر آؤٹ کا جشن منارہے ہیں۔اس کے بعدمیجر جنرل آصف غفور نے گوتم گھمبیر
سمیت تمام بھارتیوں کو کرارا جواب د ے ڈالا۔میجر جنرل آصف غفور نے بھارتیوں کو مخاطب کرتے ہوئے ساتھ میں لکھابرائے مہربانی اپنی آگ مقامی طور پر ہی بجھائیں، شاہد آفریدی ہمارا قومی ہیرو اور آواز ہے۔نہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں شاہد آفرید ی نے آخری دو گیندوں پر چھکے مار کر بھارت کو میچ ہرایا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں شاہد آفریدی، بظاہر کسی بات پر گوتم گمبھیر سے
الجھتے نظر آئے۔شاہد آفریدی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے پیغام کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ایک پرانی تصویر شیئر کی، جس میں وہ بھارتی فینز اور پرچم کے ساتھ تصویر بنواتے نظر آئے۔اس تصویر کے ساتھ شاہد آفریدی نے لکھا، ‘ہم سب کی عزت کرتے ہیں اور یہ ایک کھلاڑی کی پہچان ہے لیکن جب بات انسانی حقوق کی ہو تو ہم بے گناہ کشمیریوں کے لیے بھی ویسے ہی انسانی حقوق کی امید رکھتے ہیں۔