کوہاٹ(این این آئی)پاک افغان سرحد سے متصل افغان صوبہ ننگرہار میں گزشتہ دو روز سے جاری شدید بارش اور سیلاب نے تباہی مچادی جہاں صوبہ ننگرہار کے ضلع حصارک میں کم از کم10 افغان شہری جاں بحق ہوگئے۔
سرحد پار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاک افغان سرحدی صوبہ ننگرہار کے ضلع حصارک میں شدید بارش کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی زدمیں آکر 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ضلع حصارک کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے دس افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق گزشتہ دو دنوں سے جاری شدید بارش اور طوفان نے بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق ضلع حصارک کے علاقے ”غوزیزا” میں دو گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں جن کے نتیجے میں سواردس افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پانچ افراد کو مقامی لوگوں نے بچا لیا۔بارش اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصانات کے بارے سرکاری طورپر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔