واشنگٹن (این این آئی)امریکا کی ریاست اوہائیو میں ایک ماں اپنی 16 ماہ کی بچی کو گھر میں اکیلا چھوڑ کر 10 دن کے لیے چھٹیاں منانے چلی گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق 31 سالہ کرسٹل نے گھر واپس آکر پولیس کو اطلاع دی کہ پانی کی کمی کے باعث اس کی بچی کی حالت خراب ہے
جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچی کو مردہ حالت میں پایا۔رپورٹس کے مطابق 16 جون کو گھر پہنچنے والے حکام کا کہنا ہے کہ بچی کا بستر انتہائی گندا ہو چکا تھا۔رپورٹس کے مطابق بچی کے قتل کے الزام میں خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے جسے عدالتی کارروائی کا سامنا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماں نے اعتراف کر لیا ہے کہ اس کی 16 ماہ کی بچی جیلین گھر پر بالکل اکیلی تھی اور اس کا خیال رکھنے والا بھی کوئی موجود نہیں تھا۔مقامی میڈیا کے مطابق خاتون کے پڑوس میں رہنے والے لوگوں نے بتایا ہے کہ اس خاتون نے پہلی مرتبہ ایسا نہیں کیا وہ پہلے بھی کئی بار اپنی بچی کو اکیلا گھر پر چھوڑ کر جا چکی ہے۔