اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد میں مختص کی گئی مویشی منڈیوں کے علاوہ جانور فروخت کرنے پر مکمل پابندی عائد کر تے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے مختص کی گئی مویشیوں منڈیوں کے علاؤہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں جانوروں کی خریدوفروخت کرنے والوں کیلئے ضروری ہدایات جاری کر دیں
اسلام آباد میں صرف قانونی منڈیوں کی اجازت ہوگی، غیر قانونی اور بغیر اجازت کے لگائی گئی مویشی منڈیوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت کاروائی ہوگی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہاکہ اسلام آباد مختص کی گئی جگہوں کے علاؤہ جانوروں کی خریدوفروخت پر پابندی عائد ہے ۔ترجمان آئی سی ٹی کے مطابق اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے دائرہ اختیار میں بڑی تعداد میں قربانی کے جانوروں کو منتقل کیا جاتا ہے جبکہ اسلام آباد میں سڑکوں، گرین بیلٹس اور خالی پلاٹوں پر قربانی کے جانوروں کی یہ آمد متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ سے نہ صرف صحت کے لیے خطرہ ہے بلکہ یہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ، ٹریفک حادثات، اور عوام کے لیے پریشانی/زخمی کا باعث بھی ہیں،ان خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے،اس نوٹیفکیشن کا اطلاق منگل سے سات روز تک کیلئے کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ، میجسٹریٹس اور اسلام آباد پولیس کو نوٹیفکیشن اور ان ہدایات پر سختی سے عمل کروانے کی تاکید کی۔