اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ پری مون سون بارشوں سے موجودہ شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔اتوار کو اپنے ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے مطابق آج سے 30 جون تک ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے
جس کی وجہ سے موجودہ شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔ انہوںنے کہاک25 سے 30 جون کے درمیان اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختون خواہ میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی توقع ہے، اس سسٹم کے زیر اثر بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں 26 جون سے 29 جون کے درمیان آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ شدید بارشوں کی صورت میں شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے۔ تمام متعلقہ اور مقامی اداروں کو الرٹ رہنے اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے تیز ہوائوں اور بارشوں کے دوران کمزور انفرا اسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔