لاہور( این این آئی)اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کرلی تاہم پرویز الہی کے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع نہ ہونے کے باعث رہائی ممکن نہ ہوسکی۔اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے جج علی رضا نے سابق وزیراعلی چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ضمانت منظور کی تھی۔اینٹی کرپشن عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔دوسری جانب عدالتی وقت تک چوہدری پرویز الٰہی کے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع نہ ہوسکے۔ذرائع کے مطابق پرویزالٰہی ضمانتی مچلکوں کے حوالے سے لیگل ٹیم سے مشاورت کررہے ہیں۔