پشاور (این این آئی)9 مئی کے روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد مشتعل مظاہرین اور شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ کرکے لوٹ مار کرنے کے بعد عمارت کو آگ لگا دی تھی جس کے بعد نشریات بھی معطل ہوگئی تھیں۔
شرپسندوں نے لوٹ مار کے دوران ریڈیو پاکستان کی عمارت کا مرکزی گیٹ بھی توڑ کر کباڑ کی دکان میں فروخت کردیا تھا، اس کے علاوہ مشتعل مظاہرین قدیمی ٹیپ ریکارڈر، مائیکرو فون کیبل، مائیکس اور دیگر سامان بھی لوٹ کر لے گئے تھے اس حوالے سے ریڈیو پاکستان پشاور کے اسٹیشن ڈائریکٹر اعجاز خان نے انکشاف کیا ہے کہ مشتعل مظاہرین اپنے ساتھ گٹرکے ڈھکن تک ساتھ لے گئے تھے۔اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان پشاور کے مطابق آڈیٹوریم کے بعد شرپسند مرکزی عمارت پر حملہ آور ہوئے اور یہاں ہر چیز کو توڑ پھوڑ کے رکھ دیا، یہاں بھی لوٹ مار کی اور کوئی چیز نہیں چھوڑی، یہاں تک کے واش رومز کے نلکے اور گٹر کے ڈھکن تک اٹھا کر لے گئے، حملہ آور منصوبہ بندی سے آئے تھے، ان کے پاس پیٹرول سمیت اسلحہ بھی تھا۔