لاہور( این این آئی)ملک بھر میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ تک پہنچ گئی جس پر حکومت نے دوبارہ ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پاکستان ڈاکٹر بصیر خان اچکزئی نے کہا کہ موذی مرض کے خاتمے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف جلد 5 سالہ پروگرام شروع کریں گے۔ پروگرام کے تحت کروڑوں شہریوں کا مفت علاج ہوگا۔
ڈاکٹر بصیر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ قومی ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کا اعلان کریں گے، ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے لئے فنڈز بھی مختص کئے جائیں گے۔پروگرام کے پی سی ون کے تحت وفاق اور صوبے نصف نصف رقم دیں گے، پاکستان کو ہیپا ٹائٹس پروگرام کے لئے عالمی گرانٹ ملنے کا بھی امکان ہے۔وزرات قومی صحت نے ہیپاٹائٹس کنٹرول و علاج پروگرام کی تیاری شروع کردی۔ پروگرام کے تحت 12 سال سال تک کے 50 فیصد بچوں کی ہیپاٹائٹس بی اور سی کی اسکریننگ ہوگی، مریضوں کے ہیپائٹس بی اور سی کے ٹیسٹ اور مفت علاج ممکن ہوسکے گا۔سروے کے مطابق پاکستان اور بھارت میں ہیپاٹائٹس مرض پھر سے پھیل رہا ہے، 2008 کے سروے کے تحت کے پاکستان میں ہیپا ٹائٹس کے مریضوں کی تعداد 5 فیصد تھی۔ اس سے قبل بھی 2005 سے 2015 تک قومی ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام جاری رہا، 18 ویں ویں ترمیم کے باعث قومی ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام غیر فعال ہوگیا تھا جس کے باعث ہیپاٹائٹس سی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 7 فیصد تک پہنچ گئی۔