اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی 6 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف 9 مئی کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس کی سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔عدالت نے گرفتاری کے دوران درج کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کے حکم میں بھی توسیع کرتے ہوئے ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹا دی۔عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ اسلام آباد پولیس نے تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کرائی، پولیس رپورٹ کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی پر 6 مقدمات درج ہوئے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمات کی تفصیلات چیئرمین پی ٹی آئی کو دینے کی ہدایت کر دی۔عدالت نے کہا کہ 10 جون تک چیئرمین پی ٹی آئی متعلقہ عدالت میں پیش ہوں۔پولیس رپورٹ کے مطابق تھانہ شہزاد ٹاؤن اور تھانہ ترنول میں دو دو مقدمات درج ہوئے، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کھنہ اور کراچی کمپنی میں ایک ایک مقدمہ درج ہوا۔