اسلام آباد (این این آئی)عالمی اعدادوشمار کے مطابق کمزور معیشت، سیاسی کشیدگی ،بڑھتی مہنگائی سے نبرد آزما ہونے کے باوجود پاکستان رہنے کے لیے دنیا کے سب سے سستے ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔عالمی ادارہ شماریات نے رہائش کیلئے سستے ممالک کی درجہ بندی میں پاکستان کو سرفہرست رکھا ہے، مصر دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے۔
فہرست کے مطابق کسی ملک میں رہائش کی لاگت اور دیگر متعلقہ اعشاریے امریکی ڈالر کے لحاظ سے درکار رقم پر مبنی ہیں۔ پاکستان میں حالیہ مہینوں کے دوران ڈالر کی مسلسل بڑھتی ہوئی شرح کی وجہ سے قوت خرید میں کمی دیکھی گئی ہے۔18کے انڈیکس سکور کیساتھ پاکستان کی رینکنگ دیگر اقوام کے مقابلے میں یہاں رہائش کیلئے انتہائی کم قیمت کی عکاسی کرتی ہے۔رینٹ انڈیکس کا سکور 3.4ہے، جو ملک میں رہائش کی استطاعت کو ظاہر کرتا ہے۔
پاکستان کا گروسری انڈیکس سکور15.4، ریسٹورانٹ پرائس انڈیکس 13.7، اور لوکل پرچیزنگ پاور انڈیکس اسکور 24.4 ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسرے انتہائی سستی ممالک میں مصر، بھارت اور کولمبیا شامل ہیں۔ پاکستان کا فہرست میں اول نمبر پر ہونا ایسے افراد کیلئے ممکنہ فوائد کے پہلو اجاگرکررہا ہے جو معاشی چیلنجز، سیاسی بدامنی اور مہنگائی میں کم قیمت والی طرز زندگی کے متلاشی ہیں۔فہرست کے مطابق رہائش کیلئے مہنگے ترین ممالک میں سرفہرست برمودا ہے، اس کے بعد سوئٹزرلینڈ، جزائر کیمین اور بہاماس آتے ہیں جو اپنے متمول طرز زندگی کیلئے مشہورہیں۔