کراچی(این این آئی)پیپلزپارٹی کے مشاورتی اجلاس میں رہنما آپس میں الجھ پڑے۔سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ اورپیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کی زیرصدارت ضلع ٹھٹھہ کے بلدیاتی امیدواروں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں پیپلزپارٹی کے رہنما آپس میں الجھ پڑے، سینئر رہنما سنیٹرسسی پلیجو اور ایم پی اے جام اویس کے درمیان بھی تلخ کلامی ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ رکن سندھ اسمبلی جام اویس نے گھارو ٹائون کمیٹی کا چیئرمین اپنا لانے کیلئے قیادت کے سامنے موقف رکھا۔ جس پر سسی پلیجو نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے سینئر حقدار کو چیئرمین بنائیں، اور اس حوالے سے پارٹی فیصلہ کرے۔
ذرائع کے مطابق ایم پی اے جام اویس نے سسی پلیجو سے تلخ کلامی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا اس حلقے سے کیا تعلق ہے۔ چیئرمین ہماری مرضی کا آئے گا تو مسائل حل ہوں گے۔سیسی پلیجو نے بھی بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسائل بھی آپ پیدا کرتے رہے ہیں، یہ حلقہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کا ہے، ورنہ میں آپ کو ہمیشہ یہاں سے شکست دیتی رہی ہوں۔ذرائع نے بتایا کہ سسی پلیجو کے جواب پر جام اویس غصے میں آگئے اور تلخ کلامی ہوئی۔ تاہم فریال تالپور اور دیگر رہنمائوں نے مداخلت کرکے معاملہ رفع دفع کرایا۔