کراچی(این این آئی)میئر کراچی کیلئے پیپلزپارٹی دو حصوں میں تقسیم ہوگئی اور ایک دھڑا مرتضی وہاب کی حمایت کررہا ہے، جبکہ دوسرا نجمی عالم اور مسرور احسن کو میئر بنوانا چاہتا ہے۔کراچی بلدیاتی انتخابات کے بعد دوسرا مرحلہ پیرسے شروع ہورہا ہے، سندھ بھر کے منتخب 10ہزار بلدیاتی نمائندے پیرکو حلف اٹھائیں گے، ان میں کراچی ڈویژن کے 1200 نمائندے بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایاکہ پیپلزپارٹی اب تک کراچی اور حیدرآباد کے میئر سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں کرسکی، کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے پیپلزپارٹی کو 10 سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، اور ان درخواست گزاروں میں پیپلزپارٹی کراچی کے سرکردہ اور سینئر رہنما شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کو حیدرآباد کے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے بھی 8 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں،
جب کہ کراچی کے میئر کیلئے تین بڑے نام بھی شامل ہیں، جس کی وجہ سے قیادت کی جانب سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ذرائع نے بتایاکہ میئرکراچی کے لئے پیپلزپارٹی دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے، پیپلزپارٹی کا دھڑا مرتضی وہاب کی حمایت کررہا ہے، جب کہ دوسرا دھڑا نجمی عالم اور مسرور احسن کو میئر کراچی بنوانا چاہتا ہے، اس حوالے سے پیپلزپارٹی کا حتمی اعلان آئندہ ہفتے متوقع ہے۔