کراچی (این این آئی) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سندھ کے5 بڑے شہروں میں جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑیاں چلنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایسی گاڑیوں کیخلاف بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے 5 بڑے شہروں میں جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑیاں چلنے کے انکشاف کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے نوٹس لے لیا۔آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی حیدرآباد، میرپور خاص اور ڈی آئی جی سکھر ، ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد اور ڈی آئی جی لاڑکانہ کو خط لکھا۔غلام نبی میمن نے کہا کہ بڑی تعداد میں سڑک پر جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیاں چل رہی ہیں،مجاز اتھارٹی نے صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے۔آئی جی سندھ نے ایسی گاڑیوں کے خلاف بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تمام گاڑیوں کو ضبط کرکے قانون کے مطابق مقدمات درج کئے جائیں گے۔