اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کرونا کے دوران پاکستان کو آسان شرائط پر ملنے والے 3 ارب ڈالر پی ٹی آئی حکومت نے قرض کے نام پر اپنوں میں بانٹے ہوئے ہیں۔قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ یہ رقم پچھلی حکومت نے اپنے چہیتوں کو قرض پر دیدی، ان تین ارب ڈالرز کا استعمال درست ہے تو اس کی تفصیلات قائمہ کمیٹی خزانہ کو دی جائیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ باہر سے اس قرضے سے جو مشینری منگوائی گئی ہے وہ چھڑوائی بھی نہیں گئی، ان تمام لوگوں کی تفصیل دی جائیں، ایوان کا حق ہے کہ اس کی تفصیلات لی جائیں۔انہوں نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئیں، جن لوگوں میں تین ارب ڈالر بانٹے گئے ان کے نام سامنے آنیچاہئیں۔اس پر سپیکر قومی اسمبلی نے ہدایت کی کہ یہ معاملہ خزانہ کمیٹی کو بھجوایا جاتا ہے، ایوان کو اس کی رپورٹ فراہم کی جائے۔