نئی دہلی (این این آئی ) بھارت میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، صورتحال کے پیش نظر حکام نے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق کورونا وائرس کے سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد 6 ہزار 155 سے تجاوز کر گئی ہے۔
دو سو دنوں میں پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں کیسز کی اتنی بڑی تعداد سامنے آئی ہے۔گزشتہ روز صحت کے شعبے سے منسلک مقامی عہدیداروں سے ملاقات کے بعد بھارتی وزیر صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ریاستوں کو مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے جس طرح سے کورونا کی پچھلی لہر کے دوران کیا گیا۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا نے بھارت کی کچھ ریاستوں کو بری طرح سے اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔جنوری 2020 کے اعدادوشمار کے مطابق انڈین حکام ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ 80 افراد بتاتے ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کا خیال ہے کہ 47 لاکھ افراد جان سے گئے تھے۔نئے کیسز کے پیش نظر طبی ماہرین نے نگرانی بڑھانے اور حفاظتی اقدامات سخت کرنے کی تجویز دی ہے۔