لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی گئی ۔ درخواست شہری محمد جنید نے ایڈووکیٹ آفاق احمد کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی ہے جس میں عمران خان، چیف الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں موقف پیش کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو حلقہ این اے 95 میانوالی سے نااہل قرار دے چکا ہے اور الیکشن کمیشن نے عمران خان کو حقائق کو چھپانے پر نااہل قرار دیا۔درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے استدعا کی گئی کہ اس سے قبل نواز شریف کو بھی عدالت نا اہل کر چکی ہے، جس کے بعد نواز شریف پارٹی صدر نہیں رہے، کیوں کہ نااہلی کے بعد کوئی پارٹی ہیڈ نہیں رہ سکتا۔