لاہور ( این این آئی)متحدہ علما کونسل پاکستان کے چیئرمین مولانا عبد الروف ملک،مرکزی صدر مولانا زاہد الراشدی،سیکرٹری جنرل سردار محمد خان لغاری ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ڈاکٹر ملک محمد سلیم و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ
سوداللہ اوررسولؐ کے ساتھ کھلی جنگ ہے، دو دہائیاں گزرنے کے بعد بھی سود سے پاک معاشی نظام کیلئے حکومت کا وقت مانگنا سمجھ سے بالا تر ہے،حکومت اسلامی جمہوریہ پاکستان میں اللہ تعالیٰ اور اس کے محبوبؐ سے جنگ کا سلسلہ ختم فوری ختم کرے۔انہوں نے کہاکہ اسلامی نظام معیشت سود کی ممانعت کرتا ہے اور سود کی روک تھام سے ہی معاشی استحکام اور خوشحالی کی امید کی جا سکتی ہے، قرآن و سنت کی روشنی میں سودکی ممانعت کی گئی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ سودخواہ کسی غریب ونادار سے لیاجائے یا کسی امیر اور سرمایہ دار سے، یہ ایک ایسی لعنت ہے جس سے نہ صرف معاشی استحصال، مفت خوری، حرص وطمع، خود غرضی، شقاوت وسنگدلی، مفاد پرستی، زر پرستی اور بخل جیسی اخلاقی قباحتیں جنم لیتی ہیں بلکہ معاشی اور اقتصادی تباہ کاریوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، اس لیے دینِ اسلام اسے کسی صورت برداشت نہیں کرتا۔