اسلام آباد (اے پی پی ، این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے توشہ خانہ کا کوئی تحفہ اپنے پاس نہیں رکھا اور وفاقی وزیر اطلاعات نے تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کروائے۔ وزارت اطلاعات کی طرف سے جاری ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے توشہ خانہ کا کوئی تحفہ اپنے پاس نہیں رکھا اور
تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کروائے۔دوسری جانب سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف افتخار درانی نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کی حالیہ پبلک کی جانے والی تفصیلات دیکھ کر ہنسی آ رہی ہے ۔اپنے بیان افتخار درانی نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے 11 ماہ سے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کے متعلق مسلسل منفی مہم چلائی۔انہوں نے کیا کہ عمران خان نے اپنی تمام زندگی میں حلال اور محنت کی کمائی پر گزارا کیا۔ افتخار درانی نے کہا کہ عمران خان اپنی خون پسینے کی کمائی باہر سے پاکستان لے کر آئے۔انہوں نے کہا کہ اپنے دور میں عمران خان نے توشہ خانہ تحائف خریدنے کی قیمت 15 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک کر دی تھی۔ افتخار درانی نے کہا کہ جن افراد نے عمران خان پر الزام تراشیاں کیں انہوں نے خود توشہ خانہ میں خوب ہاتھ صاف کئے۔انہوں نے کہا کہ پائن ایپل کے ڈبے،سکارف،نیکلس اور گھڑیاں تک توشہ خانہ سے لے لی گئیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ ایسے لوگ بھی منظر عام پر آئے جنہوں نے توشہ خانہ سے بیڈشیٹوں تک کو نہیں چھوڑا۔
افتخار درانی نے کہاکہ مریم اورنگزیب اور مریم نواز توشہ خانہ پر سب سے زیادہ بولتی رہیں،مگر سب سے زیادہ چوری کر چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان تفصیلات کے سامنے آنے کے بعد اللہ نے عمران خان کو سرخرو کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے توشہ خانہ سے ایک مرسڈیز لی،جو قانون کے مطابق نہیں ہے،افتخار درانی نے کہا کہ آصف زرداری نے بھی قانون کے خلاف جا کر توشہ خانہ سے دو گاڑیاں لیں۔انہوں نے کہا کہ عوام اب جان چکی کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والوں نے توشہ خانہ کو بے دردی سے لوٹا۔