ساہیوال (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر و چیف آر گنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوانوں کو سچ اور جھوٹ کا فرق سمجھنا ہوگا،ورکرز عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی لانے والے کرداروں کے نام بتائیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) ساہیوال کے یوتھ ونگ اور سوشل میڈیا ٹیم کا اجلاس مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہوا
جس میں یوتھ ونگ کے تنظیمی ڈھانچے کا جائزہ، ونگ کو وسعت دینے پر مشاورت کی گئی ۔ مریم نواز نے کہاکہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوانوں کو سچ اور جھوٹ کا فرق سمجھنا ہوگا۔ مریم نواز نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دئیے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے نوجوانوں کے ہاتھ میں کتاب اور لیپ ٹاپ دئیے۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کی تعلیم وتربیت ہی پاکستان کی ترقی کی کلید ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ نوجوانوں کو روزگار، کاروبار اور تعلیم کے موقعے دئیے۔ مریم نواز شریف نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے نوجوانوں کے لئے یوتھ پروگرام شروع کیا، وزیراعظم شہبازشریف اس پروگرام کو مزید وسیع کرچکے ہیں۔انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو تمام شعبوں میں آگے لائیں گے۔عہدیداروں نے یوتھ ونگ کو مزید بہتر بنانے کے لئے مریم نواز کو تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کی تیاری کریں، عوام سے رابطے بڑھائیں۔مریم نواز نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی لانے والے کرداروں کے نام بتائیں۔مریم نے کہا کہ جتنی بڑی تعداد میں خواتین اور نوجوان تنظیمی کنونشنز میں آرہے ہیں، یہ اصل تبدیلی ہے، عوام کو مسائل سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے۔