لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک/ این این آئی) فخر زمان نے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ برابر کر دیا، فخر زمان نے پشاور زلمی کے خلاف دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز بنائے اور راجاپکاسا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں دس چھکے اور تین چوکے شامل تھے، اس طرح انہوں نے پی ایس ایل کی تاریخ میں کامران اکمل کے سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
فخر زمان کے مجموعی چھکوں کی تعداد 89 ہو گئی ہے جبکہ کامران اکمل نے بھی 89 چھکے مارنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔دوسری جانب ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے خلاف شاندار پرفارمنس پر لاہور قلندرز نے فخر زمان کو قلندرز سٹی میں پلاٹ اور آئی فون کا تحفہ دینے کا اعلان کردیا۔ترجمان لاہور قلندرز کے مطابق سی او او لاہور قلندرز ثمین رانا نے ٹیم میٹنگ میں فخر زمان کو تحفہ دیا۔ فخر زمان کو آئی فون بھی انعام میں دیا گیا۔ثمین رانا کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کے خلاف میچ میں فخر زمان نے غیر معمولی پرفارمنس سے اپنا حق لیا ہے، فخر زمان کو اس تحفہ کا بہت انتظار تھا،اس طرح کی پرفارمنس جو بھی دے گا، لاہور قلندرز فیملی انعامات دینے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔اس موقع پر ثمین رانا کی طرف سے مین آف دی میچ شاہین آفریدی کے لیے بھی کیش پرائز کا اعلان کیا گیا۔ شاہین شاہ افریدی کو اس سے پہلے پلاٹ بھی انعام میں ملا تھا جو انہوں نے نوجوان جلات خان کو دے دیا تھا۔خیال رہے کہ لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد110رنز سے شکست دے دی، لاہور قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگئی،ہوم گرانڈ پر لاہور قلندرز کی مسلسل دوسری کامیابی، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلے گئے
پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 16ویںمیچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز اسکور کیے۔لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
فخر زمان 36، سیم بِلنگز 33، مرزا بیگ 20، راشد خان 18، ڈیوڈ ویزے 12 اور حسین طلعت 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔سکندر رضا 23 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ پویلین لوٹے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن نے 3، شاداب خان نے 2 جبکہ حسن علی اور ابرار احمد نے 1،1 وکٹ حاصل کیں۔ 201 رنزکے ہدف کے حصول کے لئے
بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد کا کوئی بھی کھلاڑی لاہور کے بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 90 پر آئوٹ ہوگئی۔رحمان اللہ گرباز 23 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ لاہور کی جانب سے ڈیوڈ ویسا نے تین جبکہ سکندر رضا اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ڈیوڈ ویسا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔