کراچی(این این آئی)فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز کے وائس چیئرمین سید خالد رضا کے قتل میں دشمن ملک کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ابتدائی تفتیشی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔گزشتہ رات گلستان جوہر میں فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین سیدخالد رضا کو
موٹرسائیکل سوار ملزمان نے قتل کردیا تھا۔ واقعہ ان کے گھر کے باہر گلستان جوہر بلاک 7 میں پیش آیا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر دشمن ملک نے مقامی سہولت کاروں کی مدد سے خالد رضا کے قتل کی واردات کی اور ابتدائی تفتیش کے مطابق ممکنہ طور پر سہولت کاری قوم پرست تنظیم کے کارندوں نے انجام دی۔ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے گھات لگا کر واردات کی ہے، شبہ ہے کہ ملزمان نے ریکی کی ہوئی تھی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان تربیت یافتہ تھے، انہوں نے ایک ہی گولی چلائی جو سر پر لگی۔ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واردات کے لیے نیا اسلحہ استعمال کیا گیا ، جائے وقوع سے ملنے والے 30 بور کی گولی کے خول سے پتہ چلتا ہے کہ اسلحہ پہلے کسی واردات میں استعمال نہیں ہوا۔پولیس حکام کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا، ملزمان گھر کے قریب گھات لگائے انتظار کررہے تھے جیسے ہی سید خالد رضا گھر سے نکل کر گاڑی کے قریب پہنچے، تو ملزمان نے قریب پہنچ کر شناخت کرنے پر فائرنگ کردی۔خالد رضا کے بھائی تنویر نے بتایاکہ ان کے بھائی گھر سے نکل رہے تھے انہیں سالگرہ کی ایک تقریب میں جانا تھا اسی دوران نامعلوم ملزمان موٹرسائیکل پر آئے اور ان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، ان کے سر میں ایک گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پرآگئی ہے جس میں موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ۔تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان جس راستے سے آئے تھے اس کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے جمع کیے گئے شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں