واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ڈونلڈلو نے امریکہ کے وزیر خارجہ کے دورہ بھارت سے پہلے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چین کی جانب سے پاکستان کو 700 ملین ڈالر کا قرض دینے پر اعتراض اٹھایا، ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے قریبی پڑوس ممالک پاکستان، سری لنکا، نیپال کو چینی قرضوں کے بارے میں ہمیں گہری تشویش ہے کہ ان قرضوں کو زبردستی فائدہ اٹھانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک سے بات کر رہے ہیں کہ ہم کس طرح ممالک کو اپنے فیصلے خود کرنے میں مدد کر سکتے ہیں نہ کہ ایسے فیصلے جن پر چین سمیت کوئی بھی بیرونی شراکت دار مجبور کر سکتا ہے۔