اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں رواں برس پیاز کی اوسط قیمت گزشتہ برس کے مقابلے میں 36روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 200سے 250روپے فی کلوگرام ہو گئی ، پیاز کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ سیلاب کے باعث پیداوار میں کمی ، ایل سی نہ کھلنے سے درآمد میں
مشکلات اور افغانستان سے سمگلنگ بڑی وجوہات ہیں ۔روزنامہ جنگ میں تنویر ہاشمی کی شائع خبر کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے بہت کم ریٹ پر پیاز سمگل ہورہاہے اور اس کے مقابلے میں پاکستان میں کئی گنا زیادہ قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔ افغانستان میں بھارت سے براستہ دبئی پیازدرآمد ہو رہا ہے اور افغانستان سے بھارت کاپیاز پاکستان میں سمگل ہو جاتاہے تاہم پاکستان میں پیاز کی ذخیر ہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے باعث اس کی قیمتیں آسمان کو چھور ہی ہیں ، سبزی منڈی کے تاجر رہنمائوں نے بتایا کہ پیاز سمیت دیگر سبزیوں اور پھلوں کی طلب زیادہ اور رسد کم ہے ، سیلاب کے باعث بھی پیاز اور سبزی کی مقامی پیداوار میں کمی ہوئی ہے ۔ انہو ں نے بتایا کہ پیاز مصر ، چین ، ترکی اور بھارت سے بھی آرہا ہے ، ایل سی کھلنے میں مشکلات کے باعث مصر ، چین اور ترکی سے اب پیازکی درآمد میں کمی آئی ہے اور بھارت سے دبئی کے راستے افغانستان سے پاکستان میں سمگل ہورہاہے۔ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے باعث پیاز کی پیداوار نہ ہونے سے ملک میں پیاز کی قلت پیدا ہوئی اور اس کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔