لاہور ( این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ سے اپنی تعریف سننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔بابر اعظم نے آئی سی سی ڈیجیٹل کے ساتھ گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ رکی پونٹنگ نے میرے بارے میں جو کہا وہ میرے لیے ایک اچھا احساس ہے، ان سے اپنی تعریف سن کر
میرے اعتماد میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جب لیجنڈری کھلاڑی تعریف کرتا ہے تو آپ مزید بہتر ہونے کی کوشش کرتے ہیں، آپ کا اعتماد بڑھتا ہے اور آپ کے ذہن میں رہتا ہے کہ کوئی بڑا کھلاڑی آپ کے بارے میں بات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سب کھلاڑی اس مقام سے گزرے ہوتے ہیں انہیں علم ہے کہ ابھی میرا مائنڈ سیٹ کیا ہے اور میں ان کی باتوں کو مثبت انداز میں لوں گا اور اپنی بہترین کارکردگی دِکھانے کی کوشش کروں گا۔بابر اعظم نے کہا کہ میرا دھیان ہمیشہ اس چیز پر ہوتا ہے کہ میری ٹیم کے تمام کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی دِکھائیں۔انہوں نے کہا کہ میری کپتانی کا انداز یہ ہے کہ اپنے فیصلوں کے ساتھ دیانتدار رہوں اور ایسی ٹیم کے ساتھ کھیلوں جو پاکستان کیلئے اچھی ہو۔انہوں نے کہا کہ جب آپ میدان میں ہوں تو اپنے کھلاڑیوں کو اعتماد دیں آپ جتنا اعتماد دیں گے اتنے اچھے نتائج ملیں گے۔بابر اعظم نے کہا کہ ہم سب متحد ہیں، میں امام الحق، شاداب خان اور محمد رضوان سے مشاورت کرتا ہوں، جب کوئی کھلاڑی گرے تو ہم سب اس کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں۔واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے آئی سی سی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کی تعریف کی تھی۔انہوں نے کہا تھا کہ بابر اعظم اپنے کرکٹ کیریئر میں ابھی مزید کئی ریکارڈز توڑ سکتے ہیں، وہ بطور بیٹر اور کپتان مجھ سے کئی گنا آگے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بابر اعظم کو کھیلتا دیکھنا مجھے اچھا لگتاہے لیکن انہیں مزید تھوڑی سی اور بہتری کی ضرورت ہے اور آنے والے دنوں میں بابر اعظم پاکستان کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین کپتان بن سکتے ہیں۔