اسلام آباد( آئی این پی)چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی ںے انکشاف کیا ہے کہ ابھی تک ساڑھے پانچ کروڑ پاکستانی بجلی سے محروم ہیں۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے انکشاف کیا کہ 26 فیصد پاکستانیوں کو ہم آج تک بجلی فراہم نہیں کر سکے۔
اس کا مطلب ساڑھے 5 کروڑ پاکستانی بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ اگر بجلی نہیں تو ان لوگوں کے پاس میڈیکل، صاف پانی اور تعلیم کی سہولیات بھی نہیں، لوگ پیسے دینے کو تیار ہیں لیکن ہم ان کو بجلی نہیں دے پارہے، کیوں کہ ساڑھے پانچ کروڑ لوگوں کو بجلی پہنچانے کا کوئی ڈسٹری بیوشن سسٹم نہیں ہے۔
توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ ملک میں 43 ہزارمیگا واٹ بجلی ہونے کے باوجود کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، جب وقت تھا تب ہم نے بجلی کنزرویشن (محفوظ) پر زور نہیں دیا، ہمیں غلطی کو سدھاریں تاکہ غلطی دوبارہ نہ ہو۔چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ یہ غلط ہوگا کہ بجلی موجود ہے اور ڈیمانڈ کم کردو، اس وقت بجلی کی ڈیمانڈ اور اکانومی دبی ہوئی ہے امید ہے جلد معاملات بہتر ہو جائیں گے، بہتر ہے ہم گرین انرجی پر چلے جائیں، ڈسکوز 17 فیصد کے قریب نقصان دیتے ہیں، 10 فیصد نقصان بجلی چوری کی وجہ سے اٹھانا پڑ رہا ہے۔