لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ، ملتان بنچ نے منیجر ملتان کرکٹ سٹیڈیم کو خط لکھا کہ ججز اور ان کے اہل خانہ پی ایس ایل میچز دیکھنا چاہتے ہیں، افتتاحی تقریب کے لئے چیئرمین باکس مختص کیا جائے، اس کے علاوہ مزید 30 وی آئی پی پاسز اور ملتان میں
ہر میچ کے 25 وی آئی پی پاسز کا بندوبست کرنے کا کہا گیا، اس کے علاوہ گاڑیوں کے خصوصی پارکنگ سٹیکرز بھی مانگے گئے، یہ خط کچھ دیر میں ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس کے بعد سینئر ایڈیشنل رجسٹرار نے پاسز مانگنے کا خط واپس لے کر دوسرا خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا کہ حکام بالا کے احکامات پر پاسز مانگنے کا خط واپس لیا جاتا ہے، اسی بارے میں معروف اینکر غریدہ فاروقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ لاہور ہائی کورٹ جج صاحبان مع فیملیز کے لئے وی وی آئی پی ، پی ایس ایل پاسز و دیگر مراعات طلب کرنے کا حکم نامہ جب ہم سامنے لے کر آئے تو فوراً اس کو واپس لے لیا گیا اور پچھلی تاریخ آٹھ فروری ڈال کر کارروائی ڈالی گئی، حکم نامہ آٹھ فروری کو واپس نہیں لیا گیا بلکہ آج ہی کہانی کھلنے پر واپسی ہوئی صرف تاریخ پرانی ڈال دی گئی۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھے گئے خط کا عکس بھی جاری کیا۔