دمشق (این این آئی)شام میں آنے والے ہولناک زلزلے میں زندہ بچ جانے والے ایک شہری نے آپ بیتی سناتے ہوئے کہاہے کہ بچوں کو لے کر دروازے پر پہنچا تو بلڈنگ گرگئی۔شمال مغربی شام کے علاقے ازمرین کے اپارٹمنٹ کے رہائشی اسامہ عبدالحمید نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ
وہ اپنی 4 منزلہ عمارت منہدم ہونے کے بعد بیوی اور چار بچوں سمیت بمشکل ملبے سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ادلیب کے ہسپتال میں زیر علاج اسامہ نے بتایا کہ میں اور اہلخانہ رات کے وقت سو رہے تھے جب ہماری آنکھ زلزلے سے کھلی، جب ہم اٹھے تو دیکھا ہر چیز بری طرح ہل رہی ہے، ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی پکڑ کر بلڈنگ ہلا رہا ہے۔اسامہ نے بتایاکہ ہم ایک دم باہر کی جانب بھاگے تاہم اس سے پہلے بلڈنگ سے باہر نکلتے، دروازے پر پہنچتے ہی عمارت ہم پر گرگئی،شامی شخص کے مطابق ‘ان سمیت ان کی اہلیہ اور بچوں کو سروں پر سخت چوٹیں آئیں۔اسامہ نے رو تے ہوئے بتایاکہ اس پوری بلڈنگ میں صرف ان کی فیملی زندہ بچی، باقی 3 فلور کے لوگ انتقال کرگئے۔اسامہ نے کہا کہ خدا نے انہیں دوسری زندگی عطا کی ہے۔واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 300 سے بڑھ گئیں، ملبے میں پھنسے زندہ افراد کو بچانے کیلئے ریسکیو ورکرز کی کوششیں جاری ہیں، زلزلے کے بعد سے اب تک 120 سے زائد آفٹر شاکس آچکے ہیں۔