ملتان(این این آئی)ملتان پولیس مریم نواز شریف اور کارکنوں کے درمیان ملاقات میں دیوار بن گئی۔ پرامن کارکنوں کے اصرار کے باوجود پولیس اہلکاروں نے نوجوان متوالوں کو مقامی ہوٹل میں داخلے کی اجازت نہ دی۔ لیگی رہنمائوں کی سفارش بھی کام نہ آئی تو مشتعل کارکنوں نے
ہوٹل کی اینٹ سے اینٹ بجادی۔یہ وقوعہ اس وقت پیش آیا جب مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر محترمہ مریم نواز اپنے دورہ ملتان کے دوسرے روز ابدالی روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں پارٹی کارکنوں اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کر رہی تھیں۔ اسی دوران متوالے لیگی نوجوانوں کا ایک گروپ اپنی لیڈر سے ملاقات کیلئے ہوٹل کے میں گیٹ پر پہنچا۔ جنہیں مین گیٹ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے ہوٹل کے اندر جانے سے روک دیا۔ جس پر کارکنوں میں غم و غصہ پھیل گیا اور انہوں نے ملتان پولیس کے خلاف اور اپنی لیڈر کے حق میں نعرہ بازی شروع کردی۔ بعد ازاں یہ تلخ کلامی ہنگامہ آرائی اور تصادم میں تبدیل ہوگئی۔ نوجوانوں نے پولیس اور ہوٹل پر پتھرائو شروع کردیا۔ جس سے ہوٹل کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ مقامی پولیس نے ہلکا پھلکا لاٹھی چارج کرکے اس مسئلے پر قابو پایا۔