مانسرہ ( این این آئی)سوکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں ایک اور کامیاب پیشرفت ہوئی ہے جس میں یونٹ 2 کا روٹر نصب کر دیا گیا ۔روٹر کا کل وزن تقریباً 406 ٹن ہے جو پورے یونٹ کے الیکٹرو مکینیکل آلات میں نصب کیا جانے والا سب سے بھاری جزو ہے۔ جنوری کے شروع میں ملک میں سب سے بڑی پیلٹن قسم کی ٹربائنز بھی لگائی گئی تھیں۔تکمیل کے بعد خیبر پختونخواہ کی خوبصورت وادی کاغان میں دریائے کنہار پر واقع سوکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 884 میگاواٹ سے زیادہ بجلی پیدا کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق اس کی تعمیر 2017 میں شروع ہوئی اور 2024 تک اس منصوبے کی تکمیل متوقع ہے۔چائنا گیزوبا گروپ کمپنی لمیٹڈ اس منصوبے کا سپانسر ہے جسے سوکی کناری ہائیڈرو (پرائیویٹ)لمیٹڈ کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ گیزوبا نے اس منصوبے میں انتہائی ہنر مند افرادی قوت اور جدید ترین مشینری کا استعمال کیا ہے۔