بھارت اور نیوزی لینڈ میچ کی پِچ بنانے والا نوکری سے فارغ
احمد آباد ( این این آئی) بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان لکھن میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کے بعد پِچ بنانے والے کیوریٹرکو نوکری سے نکال دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8وکٹ پر 99رنز بنائے جس کے بعد بھارتی ٹیم کو بھی ہدف تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔بھارتی ٹیم نے ہدف 4وکٹ کے نقصان پر ایک گیند پہلے حاصل کیا۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان ہاردک پانڈیا نے پچ کو چونکا دینے والی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وکٹوں پر کوئی اعتراض نہیں پر یہ ٹی ٹونٹی میچ کے لیے نہیں بنی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق سنجیو کمار اگروال نامی شخص کو تجربے کی بنیاد پر پِچ کیوریٹر کی ذمہ داری دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ نے جیتا تھا، فیصلہ کن میچ آج بروز بدھ احمدآباد میں شیڈول ہے۔