کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پاکستانی ڈرامہ سیریل” تیرے بن “کے کچھ سین کو بالی ووڈ کے ڈرامہ سیریل” اس پیار کو کیا نام دوں” کی کاپی قرار دیا جا رہاہے۔سوشل میڈیاصارفین ان کو بالی ووڈ ڈرامہ سے جوڑ رہے ہیں، اب حال ہی میں صارفین نے ڈرامے کے کچھ سینز کو بالی ووڈ کے 2011 میں جاری کردہ ڈرامہ سیریل” اس پیار کو کیا نام دوں” کی کاپی قرار دیا ہے ۔
جبکہ دوسری جانب حال ہی میں شروع ہونے والے معروف ڈرامے ’تیرے بن‘ کے ٹائٹل گانے پر بولی وڈ کی فلم ’شادی میں ضرور آنا‘ کے گانے پر کاپی کا الزام لگایا جارہا ہے۔اگرچہ ’تیرے بن‘ کا ٹائٹل گانا ایک ماہ قبل ہی یوٹیوب پر جاری کیا گیا تھا، تاہم حال ہی میں ڈرامے کو ٹی وی پر نشر کیے جانے اور اس کی مقبولیت بڑھنے کے بعد شائقین نے گانے پر بھارتی گانے کی کاپی کا الزام لگایا۔’تیرے بن‘ کے ٹائٹل گانے میں ڈرامے کے مرکزی کرداروں وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کو ہی دکھایا گیا ہے اور گانے کی شاعری صابر ظفر نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی شانی ارشد نے ترتیب دی ہے۔گانے میں آواز کا جادو بھی شانی ارشد نے ہی جگایا ہے، جو پہلے بھی کئی ڈراموں کے ٹائٹل سانگ گا چکے ہیں۔’تیرے بن‘ ڈرامے کو نشر کیے جانے کے بعد جب مداحوں نے اس کے ٹائٹل گانے کو سنا تو انہیں بولی وڈ فلم ’شادی میں ضرور آنا‘ کا گانا ’میرا انتقام دیکھے گی‘ یاد آیا اور شائقین نے پاکستانی گانے پر بھارتی گانے کی کاپی کا الزام عائد کیا۔’میرا انتقام دیکھے گی‘ میں کرشنا بیورا نے آواز کا جادو جگایا ہے جب کہ اس کی شاعری گوروو کرشنا بوسل نے لکھی ہے۔بھارتی گانے کی موسیقی آنند راج آنند نے ترتیب دی تھی اور گانے کو کافی سراہا گیا تھا۔حیران کن طور پاکستانی ڈرامے کے ٹائٹل گانے کی موسیقی کی دھن بھارتی گانے کی دھن سے کافی ملتی جلتی ہے اور دونوں گانوں میں دکھائے گئے مناظر بھی بے وفائی اور محبت کے ارد گرد گھومتے ہیں۔اگرچہ فوری طور پر ’تیرے بن‘ ڈرامے کی مکمل کہانی کا علم نہیں ہوسکا، تاہم اس کے ٹائٹل گانے کو سن کر اور گانے کے مناظر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی بھی بھارتی فلم ’شادی میں ضرور آنا‘ سے ملتی جلتی ہوگی۔