لاہور، اسلام آباد( این این آئی، آئی این پی)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی ۔جوڈیشل ایکٹیو ازم پینل کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات
کی قیمتیں کم ہورہی ہیں۔درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ عالمی مارکیٹ کے برعکس ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔درخواست گزار کی جانب سے عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا جائے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35، 35 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت 18، 18 روپے کا اضافہ کر دیا جس کا اطلاق فی الفور کیا جائے گا،قیمتوں میں اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت262روپے 80پیسے ،کیروسن آئل کی نئی قیمت199روپے83پیسے،لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت187روپے اور پیٹرول کی نئی قیمت 249روپے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ وفاقی وزیر خرانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیموں میں اضافہ کیا جارہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 روپے سے زائد اضافے کی قیاس آرائی کی جارہی تھی، حکومت نے کوشش کی کہ عوام پر کم از کم بوجھ منتقل کیا جائے۔