لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف کسی بھی طرح کی کارروائی کو ناکام بنانے کیلئے کارکنوں نے زمان پارک میں ڈیرے ڈال لئے ، پارٹی کے رہنما اور کارکنان عمران خان کی حفاظت کیلئے زمان پارک میں واقع ان کی رہائشگاہ کے باہر کیمپ لگا کر موجود ہیں ،
قیادت نے پہلے مرحلے میں لاہور ٹائونزکے کارکنان کو زمان پارک کے باہر موجود رہنے کی ہدایت کر دی جس کے بعد باقی اضلاع کی باری آئے گی ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی مرد و خواتین رہنما اور کارکنان پولیس کی عمران خان کی گرفتاری کے لئے ممکنہ کارروائی کے خلاف مزاحمت کے لئے علی الصبح زمان پارک پہنچ گئے ۔ زمان پارک کے باہر ٹینٹ لگا کر مستقبل کیمپ قائم کر لیا گیا ہے جہاں سارا دن پارٹی رہنما اور کارکنان آتے رہے ، رہنمائوں اور کارکنوں کے لئے دوپہر کے وقت کھانے کا بھی انتظامات کئے گئے ۔ مزید بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت نے پہلے مرحلے میں لاہور کے تمام ٹائون کے کارکنوں کوایک ایک دن زمان پارک کے باہر موجود رہنے کی ہدایات دی ہیں جس کے بعد دیگر اضلاع کی باری آئے گی ۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں پارٹی کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔