اسلام آباد (این این آئی)ایل سیز کی بندش،ٹیکسٹائل کی صنعت بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی،آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اس ضمن میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو معاملہ پر خط بھی لکھ دیا۔
اپٹما کے مطابقخام مال نہ ہونے کے باعث بیشتر ملیں بند اور دیگر بند ہونے کو ہیں،ٹیکسٹائل صنعتوں کے وفد سے فوری ملاقات کیلئے وقت دیا جائے۔اپٹما کے مطابق رواں سال ٹیکسٹائل انڈسٹری 24 ارب ڈالرز کی برآمدات نہیں کر سکے گی،ٹیکسٹائل برآمدات میں ماہانہ ایک ارب ڈالرز کی کمی ہو رہی ہے۔اپٹما کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری کو اس سال 10 ملین بیلز کپاس کی قلت کا سامنا ہے،ٹیکسٹائل انڈسٹری کاٹن درآمد کرنا چاہتی ہے۔ خط میں کہاگیاکہ کاٹن کی درآمد کے لیے ایل سیز نہیں کھولی جا رہیں،بینکس چھوٹی سے چھوٹی ایل سیز بھی نہیں کھول رہے،ٹیکسٹائل انڈسٹری کے پاس خام کاٹن کا اسٹاک ختم ہوتا جا رہا ہے۔اپٹما کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بقاء کیلئے خام کپاس کی درآمد انتہائی ضروری ہے،کپاس نہ ملی تو ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہوجائے گی۔ اپٹما کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بندش سے بے روزگاری کا سیلاب آئے گا،حکومت ہنگامی طور پر ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل حل کرے۔