اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان کا اسمبلیوں سے نکلنے کے اعلان پر پنجاب میں بھی تحریک انصاف کے ارکان نے استعفے دینا شروع کر دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق عامر اقبال شاہ ایم پی اے
پی پی 224 دنیا پور نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور نیوز کے مطابق استعفیٰ کے متن میں کہا گیا ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں،عامر اقبال شاہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے نام پر استعفیٰ تحریر کر دیا۔ خیال رہے کہ پیرعامراقبال شاہ حالیہ جولائی میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر پی ٹی آئی ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔ دوسری جانب تحریک انصاف سندھ کے تمام 26 اراکین اسمبلی نے پارٹی سربراہ عمران خان کی ہدایت پر پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان کو اپنے استعفی پیش کردیے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان نے استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی میں موجود تمام 26 اراکین نے اپنے استعفی جمع کروادیے ہیں، چیئرمین عمران خان کی کال پر اراکین نے استعفی دئیے۔انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ بھی صورتحال سے آگاہ ہیں جیسے ہی وہ حکم دیں گے استعفی سندھ اسمبلی میں جمع کروادیں گے، یہ نشست عمران خان کی امانت ہے، ووٹ عمران خان کا تھا اور رہے گا۔خرم شیرزمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں ایم کیو ایم کے رہنما اور آصف زرداری کے درمیان رابطے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے معاہدے کی یاد دہانی کے لیے آصف زرداری کی منت سماجت کررہی ہے، کیونکہ ایم کیو ایم کا شمار اب نہ تین میں نہ تیرہ میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی کوششوں کو دہرا کر ہمیشہ کی طرح ناکام ہوگی، یہ جس کے آگے التجائیں کررہے ہیں
وہ بھی جلد سندھ سے نکالا جائے گا، رجیم چینج کے سہولت کاروں کی راتوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔انہوں ںے کہا کہ کسی بھی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ٹھوس بنیاد ہونی ضروری ہے،
ایم کیو ایم کے پاس بنیاد کے نام پر مہاجر بیساکھی بھی اب نہیں رہی، دونوں جماعتیں بلدیاتی الیکشن سے پہلے ہی اپنی شکست سے خوف زدہ ہیں، عوام جانتے ہیں اتحادی حکومت کی ہر غلط پالیسی میں ایم کیو ایم پیش پیش ہے۔