اسلام آباد (نیوز ڈیسک) )سینئر صحافی نصرت جاوید کے مطابق بھارتی صحافی جیوتی ملہوترا نے اپنے کالم میں انکشاف کیا ہے کہ دریائے ستلج پر قائم ڈیم کی 1960 سے صفائی نہ ہونے کے باعث پانی پاکستان کی طرف آیا، جس سے بھارت کی آبی جارحیت نہیں تو کم از کم انتظامی نااہلی ضرور عیاں ہوتی ہے۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نصرت جاوید نے بتایا کہ بھارتی اخبار ’دی ٹربیون‘، جو ماضی میں لاہور سے شائع ہوتا تھا اور اب چندی گڑھ سے جاری کیا جاتا ہے، اس معاملے پر رپورٹنگ کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برکھا دت کی والدہ بھی اس اخبار میں کام کر چکی ہیں۔
نصرت جاوید نے جیوتی ملہوترا سے اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے جبکہ ان کے والد کا تعلق لیہ سے تھا۔ جیوتی ملہوترا نے اپنے کالم میں لکھا کہ دریائے ستلج کے باکھرا ڈیم کی بھارتی حکومت نے 1960 کے بعد کبھی صفائی نہیں کروائی، جس کے باعث ڈیم کی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت ختم ہوگئی اور پانی پاکستان میں بہہ آیا۔انہوں نے کہا کہ اگر شیکھر گپتا اور جیوتی ملہوترا کی باتوں کو یکجا کیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ بھارت کی اس صورتحال میں براہ راست آبی جارحیت نہیں، بلکہ شدید بدانتظامی اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔