اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کراچی میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔صبح کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ آسمان پر بادل چھائے ہیں اور وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈیفنس، کورنگی روڈ، شارع فیصل، برنس روڈ، ایم اے جناح روڈ، قیوم آباد، محمود آباد، منظور کالونی، بلوچ کالونی، یونیورسٹی روڈ، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ، گلشن اقبال، ناظم آباد، نارتھ کراچی، سائٹ اور ماڑی پور سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 10 ستمبر تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ 9 اور 10 ستمبر کو موسلادھار سے شدید موسلادھار بارش متوقع ہے۔ آج شہر کا درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 91 فیصد ہے جبکہ ہوائیں 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔دوسری جانب سپر ہائی وے اور نوری آباد کے اطراف بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ حیدرآباد، سکھر، ٹھٹھہ، خیرپور اور مکلی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ سکھر میں بارش کے بعد بجلی کا نظام متاثر ہوا اور 60 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔