کراچی (این این آئی)پاکستان میوزک انڈسٹری کے مقبول ترین گلوکار و اداکار علی ظفر خواتین کے حقوق کے حوالے سے اہم پیغام اپنے مداحوں بالخصوص نوجوان لڑکوں کو دے دیا۔علی ظفر نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر لاہور میں ہونیوالے سول فیسٹ سے اپنے کانسرٹ کی مختصر ویڈیو شیئر کی۔
اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے کانسرٹ میں آئے ہوئے نوجوان لڑکوں کو مخاطب کرکے پیغام دیا کہ اپنے ارد گرد موجود لڑکیوں کی آزادی کو مسک کرنے کوشش نہیں کیا کرو وہ اپنی آزادی اپنے ساتھ لے کر آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسا لڑکے اپنی مرضی کرنے کا حق رکھتے ہیں ویسی لڑکیاں بھی یہ حق رکھتی ہیں۔ ان پر بلاوجہ روک ٹوک نہ کیا کرو، ان کی بھی اپنی زندگی ہے جو وہ جینے کے لیے آئی ہیں۔ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ اگر آپ اپنے ارد گرد موجود خواتین کو ان کی زندگی انکی اپنی مرضی سے جینے دیتے ہیں، جس طرح وہ چاہتی ہیں انہیں گزارنے دیتے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے آپ اپنی زندگی کو اپنی مرضی کے مطابق گزارتے ہیں، اور آپ کسی عدم تحفظ کا شکار نہیں ہوتے، تو آپ مرد ہیں۔انہوں نے لکھا کہ لڑکیوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے لئے جیون ساتھی منتخب کرسکیں، انہیں یہ حق بھی حاصل ہے کہ وہ اپنے لئے بہترین پروفیشن کا انتخاب خود کرسکیں اور اگر آپ میں اتنی ہمت ہے کہ آپ انہیں ان کا یہ حق استعمال کرنے دیتے ہیں، تو آپ مرد ہیں۔انہوں نے لکھا کہ اور اگر آپ یہ تسلیم کرلیتے ہیں کہ ایسا کرنے سے آپ ان پر کوئی احسان نہیں کر رہے بلکہ یہ ان کا پیدائشی حق ہے، تو آپ مرد ہیں۔