اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پشاور پولیس نے فحش اور غیر اخلاقی مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام میں خاتون ٹک ٹاکر سمیت کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیپٹل سٹی پولیس نے معاشرتی برائیوں کی روک تھام اور نوجوانوں کو بے راہ روی سے بچانے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بے ہودہ اور غیر اخلاقی مواد اپلوڈ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ آغا میر جانی شاہ نے کارروائی کرتے ہوئے نور زادہ عرف لالے ولد نواب، سکنہ یکہ توت کو گرفتار کیا، جب کہ تھانہ کوتوالی پولیس نے خواجہ سرا سجل خان کو حراست میں لے لیا۔اس کے ساتھ ساتھ تھانہ گلبہار کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاکر علیشاہ 007 کو بھی فحش اور غیر اخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ کیپٹل سٹی پولیس نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر بے حیائی اور غیر اخلاقی مواد پھیلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔