لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سولر صارفین پر نیا مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب سولر سسٹم کے صارفین کو صرف اے ایم آئی میٹر فراہم کیا جائے گا۔ لیسکو ذرائع کے مطابق اس میٹر کی قیمت 70 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل میٹر کی لاگت تقریباً 35 ہزار روپے کے قریب تھی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کے بعد نئے سولر صارفین کی درخواستوں پر کنکشن دینے کا عمل روک دیا گیا ہے، اور یہ اقدام وزارت توانائی کی ہدایات پر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب حالیہ دنوں میں پنجاب کے سرکاری اسکولوں سے سولر پینلز کی بڑی تعداد میں چوری کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ صرف راجن پور کے 50 اسکولوں میں 2022 اور 2023 کے دوران سولر پینلز چوری ہونے کا انکشاف سامنے آیا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ان وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات پولیس کے سپرد کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت تنویر اسلم ملک نے کی، جس میں کہا گیا کہ ان اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو سخت خط لکھے جائیں گے جہاں اسکولوں سے پینلز چوری ہوئے۔
اجلاس میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ محکمہ تعلیم ذمہ داری قبول کرنے سے گریزاں ہے اور معاملہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی پر ڈال رہا ہے۔ کمیٹی نے واضح احکامات جاری کیے کہ تمام متاثرہ اسکولوں سے ہونے والی چوری اور برآمدگی کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔