کراچی (نیوز ڈیسک) ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملی ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی حتمی میڈیکو لیگل رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس نے ان کی موت سے متعلق کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حمیرا اصغر کے کپڑوں پر خون کے نشانات پائے گئے۔ ان کی ٹی شرٹ اور ٹراؤزر پر خون موجود تھا جبکہ ڈی این اے کے شواہد بھی ملے ہیں۔ مزید یہ کہ لاش مکمل حالت میں موجود نہیں تھی بلکہ صرف ہڈیاں برآمد ہوئیں، جس کے باعث موت کی اصل وجہ کا تعین ممکن نہ ہو سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خون اور ڈی این اے سے متعلق کوئی ڈیٹا بینک دستیاب نہیں، اس وجہ سے مزید شواہد اکٹھے کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق حمیرا اصغر کا ایک موبائل فون تاحال برآمد نہیں کیا جا سکا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ اگر موبائل فون مل جائے تو کیس کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت ہوسکتی ہے۔