لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مزکری رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کا ہیلی کاپٹر پریڈ گرائونڈ میں اترے گا اس کیلئے جی ایچ کیو نے اجازت دی ہوئی ہے تو پھر ڈی سی کون ہوتے ہیں ؟ علامہ اقبال پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کے لیے ڈی سی اسلام آباد اجازت نہیں دے رہے۔ ڈی سی کو ذمے داری قبول کرنی ہوگی۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی زیر صدارت حقیقی آزادی مارچ کے انتظامات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی جلسہ گاہ کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مارچ کے سکیورٹی ،روٹس اور میڈیا پلانز سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء اجلاس کو بریفنگ دی گئی ہے کہ کوئٹہ اور جی بی سے حقیقی آزادی مارچ کے قافلے روانگی کے لئے تیار ہیں،کراچی سے حقیقی آزادی مارچ قافلہ راولپنڈی کے لیے روانہ ہوچکا۔ عوام کی بڑی تعداد قافلوں کی صورت میں آج (ہفتہ ) پنڈی پہنچ جائیگی۔اجلاس میں پنڈی میں شرکا کی رہائش، خیمہ بستیوں کے انتظامات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی اور حقیقی آزادی مارچ کے قافلوں کی راولپنڈی آمد کے پلان پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ قوم حقیقی آزادی کے حصول کے لئے مکمل یکسو اور پرجوش ہے۔ ملک بھر سے قافلوں کا راولپنڈی میں تاریخی خیر مقدم کریں گے۔ آج ہفتہ کو پنڈی کا اجتماع سیاسی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور عمران خان انسانوں کے سمندر کی قیادت کریں گے۔قبل ازیں انہوںنے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنڈی میں روس یا افغانستان کے لوگ نہیں آ رہے، پاکستان کے عوام آ رہے ہیں۔اگر ہمیں راولپنڈی میں مزید رہنا پڑا توپنڈی انتظامیہ سے بات کر لیں گے، جلسے کا مرکزی اسٹیج پنڈی کی حدود میں قائم ہو گا۔