اسلاآباد(مانیٹرنگ ڈیسک )آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل کے دن بارش ہونے کا امکان ہے اور اس صورت حال میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ چیمپئین کون ہوگا؟ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کا فائنل 13 نومبر بروز اتوار کو میلبرن
کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔نجی ٹی وی سماء کے مطابق موسم کی پیش گوئی کرنے والی ویب سائیٹس کے مطابق 13 نومبر کی شام میلبرن میں بارش ہونے کے 80 فیصد سے زائد امکان موجود ہیں۔فائنل کے لئے مختص کئے گئے دوسرے روز یعنی پیر کو بھی بارش کا قوی امکان ہے۔آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق فائنل کو اسی روز مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اگر 13 نومبر کو میچ نہ ہوا تو 14 نومبر کو فائنل کرایا جائے گا۔کھیل شروع ہونے کی صورت میں اوورز کم کرنے اور ایک اننگز مکمل ہونے پر ڈک ورتھ لوئس قانون لاگو کیا جاسکتا ہے۔مروجہ قانون کے مطابق کوئی بھی میچ اس وقت نتیجہ خیز قرار دیا جائے گا جب تک دونوں ٹیمیں کم از کم 5،5 اوورز نہ کھیل لیں۔ اگر دونوں دن ایسا نہ ہوسکا تو پھر فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیمیں مشترکہ طور پر چیمپیئن کہلائیں گی۔