میلبرن (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)میلبرن سے کرکٹ شائقین کیلئے اچھی خبر آگئی، میلبرن میں گزشتہ رات کی بارش کے بعد صبح بادل چھٹ گئے، دھوپ نکل آئی۔آج پاکستان اور انگلینڈ کے فائنل میچ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے تاہم میلبرن میں آج بارش کے امکانات مزید کم ہوگئے۔
ملبرن میں آج کہیں دھوپ، کہیں بادل ہیں، بارش کے مجموعی امکانات 95 فیصد سے کم ہو کر 46 رہ گئے ہیں۔شام سات بجے بارش کے امکانات 41 فیصد اور آٹھ بجے بارش کا امکان44 فیصد تک رہ گیا ہے۔رات نو بجے سے گیارہ کے درمیان بارش کے 53 فیصد سے 65 فیصد امکانات ہیں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ آل رائونڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل کیلئے بہت پْرجوش ہیں، ہماری طاقت بولنگ اور انگلینڈ کی طاقت بیٹنگ ہے، فائنل بہترین ہوگا۔برطانوی میڈیا پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین کو انٹرویو دیتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ انگلینڈ سابق چیمپئن ہے اور اس کے پاس بہترین کھلاڑی بھی ہیں، دعائوں نے کام کردیا اس لیے اب ہمارا وقت ہے۔ورلڈ کپ کے سفر سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شاداب خان نے کہا کہ بطور ٹیم ہم نے اچھا کھیلا، پاک بھارت میچ دونوں ٹیموں کے لیے بہت بڑا ہوتا ہے۔شاداب خان نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہم نے میچ جیتنے کی کوشش کی تھی، بچپن سے ہم بھی یہی سوچتے تھے کہ ورلڈ کپ نہ جیتیں مگر ہم بھارت کو شکست دیں۔