اسلام آباد (آئی پی ایس )پی ٹی آئی حکومت میں توانائی سیکٹر میں میگا کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔توانائی کے شعبے میں بڑی لوٹ مار کی کہانی آڈٹ رپورٹ نے کھول کر رکھ دی۔
چور ڈاکو کا واویلا کرکے ساڑھے 3 سال سے زائد اقتدار میں رہنے والی پی ٹی آئی کا اپنا دامن داغدار نکلا۔بجلی کے میٹرز، ٹرانسفارمرز، تاروں اور دیگر سامان کی چوری سے قومی خزانے کو صرف ایک سال میں 5 ارب روپے سے زائد نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق تقسیم کار کمپنیوں اور این ٹی ڈی سی کی ورکشاپس اور سٹورز سے اربوں روپے کا سامان چوری ہوگیا۔ کرپشن کی بہتی گنگا میں پشاور الیکٹرک سپلائی نے سب سے زیادہ ہاتھ دھوئے جہاں ساڑھے 4 ارب کی چوری کی گئی لیکن ذمہ داران کیخلاف کہیں بھی کوئی کارروائی تو درکنار انکوائری تک کی زحمت گوارا نہ کی گئی۔پی ٹی آئی دور میں عوام کو نہ نئے میٹر ملے نہ ہی ٹرانسفارمرز بلکہ بجلی کی بڑھتی طلب کے باعث پابندی رہی لیکن سرکاری مال کی لوٹ سیل کھلم کھلا جاری رہی۔آڈٹ رپورٹ میں ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ بجلی کے میٹروں، ٹرانسفارمروں، تاروں اور دیگر الیکٹرک مٹیریل کھل کر لوٹا گیا۔