کراچی (این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف، بڑے بھائی نواز شریف اور اہل خانہ پر لگے کرپشن کے الزامات پر بنائی گئی دستاویزی فلم ’بند دروازے کے پیچھے‘ کے پروڈیوسر نے حال ہی میں بتایا کہ دستاویزی فلم کی پروڈکشن نیٹ فلکس کے ساتھ منسوب نہیں بلکہ یہ ایک آزادانہ پروڈکشن ہے۔ٹوئٹرکی ایک پوسٹ میں متعدد صارفین نے دعوی کیا کہ شریف خاندان کی مبینہ کرپشن کے بارے میں دستاویزی فلم، امریکا میں قائم سٹریمنگ سروس، نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائیگی لیکن نیٹ فلکس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ کمپنی کا فلم کی پروڈکشن میں کوئی حصہ نہیں ہے، اسی طرح دستاویزی فلم کے پروڈیوسر نے بھی سوشل میڈیا دعوئوں کی تردید کردی ہے۔17اکتوبر کو ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس کو 3لاکھ صارفین کی جانب سے دیکھا جا چکا ہے، ویڈیو کو کئی صارفین ری ٹوئٹ کرتے ہوئے دعوی کررہے تھے کہ دستاویزی فلم نیٹ فلکس کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔