اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے مریم نواز شریف اور کیپٹن(ر) صفدر کی سزائیں کالعدم ہونے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاہے کہ مریم نواز کا بری ہونا اس سیاسی انتقام کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے جس کے ذریعے شریف خاندان کو نشانہ بنایا گیا،امید ہے میرے قائد محمد نوازشریف کے خلاف جج ارشد ملک مرحوم
کی گواہی پر انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ مریم نواز کے بری ہونے پر قائد محمد نوازشریف کو مبارک پیش کرتا ہوں،امید ہے میرے قائد محمد نوازشریف کے خلاف جج ارشد ملک مرحوم کی گواہی پر انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بیٹی مریم اور بیٹے صفدر کو بالآخر انصاف ملا،اللہ تعالیٰ کے حضور ہمارے سر شکر کے احساس سے جھکے ہوئے ہیں کہ اس نے ہمیں سرخرو فرمایا۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی انتقام کا ایک تاریک دور آج انجام کو پہنچا اور بے گناہ سرخرو ہوئے،مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر نے بہادری، صبر اور ثابت قدمی سے مشکل ترین حالات کا سامنا کیا۔انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے سے جھوٹ، بہتان، اور کردار کشی کی تمام عمارت زمیں بوس ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز کا بری ہونا اس سیاسی انتقام کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے جس کے ذریعے شریف خاندان کو نشانہ بنایا گیا،عدالت سے بری ہونے پر بیٹی مریم اور صفدر کو مبارک دیتا ہوں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کردیا،اس کے ساتھ ہی مریم نواز کی نااہلی بھی ختم ہوگئی جبکہ عدالت عالیہ نے کہا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں میں نواز شریف اور مریم نواز کا تعلق ثابت نہیں ہو رہا، نیب عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا،تفتیشی افسر کی رائے کو شواہد کے طور پر نہیں لیا جا سکتا،
جے آئی ٹی نے کوئی حقائق بیان نہیں کیے، صرف اکٹھا کی گئی معلومات دیں۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنایا گیا،احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو 7 سال، 20 لاکھ پانڈ جرمانے کے علاوہ ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال کی سزا سنائی تھی۔