لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن )قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، وہ پاک انگلینڈ سیریز کے باقی میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ذرائع کے مطابق نسیم شاہ میں کورونا وائرس کی تشخیص سامنے آئی ہے، پی سی بی کے مطابق
نسیم شاہ ہسپتال سے ڈسچارج ہوکر واپس ٹیم ہوٹل پہنچ گئے ہیں۔ فاسٹ بولر ہوٹل میں تمام کووڈ 19 پرٹوکولز پر عمل کریں گے۔پی سی بی نے گزشتہ روز نسیم شاہ کو نمونیا کی تشخیص کا بتایا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان چھٹا میچ کل کھیلا جائے گا۔ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کا ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانگی کا فیصلہ رپورٹس کی روشنی میں میڈیکل ٹیم کرے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے نسیم شاہ کے لیے اردو میں پیغام جاری کیا تھا۔پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر نسیم شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ہم آپ کی جلد شفا یابی کے خواہاں ہیں۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو سینے میں انفیکشن اور تیز بخار کے سبب اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کا نمونیا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔