کراچی،ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے100 سے زائد پاکستانیوں کو بے دخل کر دیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کو واپس بھیج دیا۔ سعودی عرب کے مختلف شہروں سے 100 سے زائد مسافر کراچی پہنچے ہیں۔
زیادہ تر مسافر ویزے کی معیاد اور اقامہ ختم ہونے پر سعودی عرب میں مقیم تھے۔ 20 مسافروں کو پاسپورٹ سیل منتقل کر دیا گیا۔ذرائع نے بتایاکہ 20 مسافر سعودی عرب کی جیل میں مختلف الزامات کے تحت قید تھے۔ باقی مسافروں کو ضروری کارروائی کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی۔دوسری جانب سعودی عرب کے خود مختاردولت فنڈ، پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) نے سٹی اور جے پی مورگن سمیت مختلف بینکوں کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ امریکی ڈالرکی بالادستی کے حامل کثیرالجہت گرین بانڈز کے پہلے اجرا کا انتظام کیاجا سکے۔ایک دستاویز کے مطابق بی این پی پریباس، سٹی، ڈوئچے بینک، گولڈمین ساکس اور جے پی مورگن کو مشترکہ عالمی رابطہ کار مقرر کیا گیا ہے اور وہ فعال بک رنرز کے طور پر منگل سے شروع ہونے والی سرمایہ کاروں کی بولیوں کا اہتمام کریں گے۔پانچ، 10 سال اور ممکنہ طورپرایک طویل تاریخ کی مدت کی قسطوں میں بانڈز کا پہلا اجرا مارکیٹ کے حالات کے تابع ہوگا۔ یہ اجراء جی اے سی آئی فرسٹ انویسٹمنٹ کمپنی کے تحت ہوگا اور پی آئی ایف کے ذریعے اس کی ضمانت دی جائے گی۔