کراچی(این این آئی)شہر قائد میں ڈاکوئوں نے مزاحمت پر عفان نامی نوجوان کو سر پر گولی مار کر قتل کردیا، مقتول کی دو ماہ قبل شادی ہوئی اور اسے اتوار کو عمرے پر روانہ ہونا تھا۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل عوامی مرکزی کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ،
شارع فیصل عوامی مرکز ٹویوٹا شوروم کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 30 سالہ عفان ولد اویس کے نام سے کی گئی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس افسران اسپتال اور موقع پر پہنچ گئے ، پولیس نے شہریوں کی مدد سے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول حاصل کر لیا ، مقتول عفان بلوچ کالونی فیلکن کمپلکس گلی نمبر ایک مکان نمبر 356 کا رہائشی تھا ۔پولیس حکام کے مطابق مقتول کی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور اس کا پلاسٹک کے سامان کا کاروبار تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے وقت مقتول اپنی گاڑی میں بیٹھنے جا رہا تھا کہ موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر اس پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کا ہے یا زاتی رنجش کا کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا واقعے کی تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔ مقتول کا تعلق جماعت اسلامی سے بتایا جاتا ہے۔ایس ایچ او بہادر آباد قربان علی کے مطابق جائے وقوعہ کی پیر کو مکمل سی سی فوٹیج حاصل کرلی جائیگی جس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے میں آسانی ہوگی واقعہ کے عینی شاہدیں نے ملزمان کو دیکھا ہے عینی شاہدین کی مدد سے ملزمان کے خاکے تیار کیے جائیں گے۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ ملزمان پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے ایک اندازے کے مطابق ان کی عمریں بائیس سے پچیس سال کے درمیان تھیں۔ جائے وقوعہ سے ایک نائن ایم ایم پسٹل کا ایک خول ملا ہے جیسے فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا جس کی رپورٹ منگل تک آجائیگی۔اہل خانہ نے بتایا کہ عفان کو اتوار کے روز عمرہ ادائیگی کے لیے روانہ ہونا تھا، جس کے لیے وہ انتظامات میں مصروف تھا اور بدقسمتی سے اسی دوران اسے فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔مقتول عفان اویس کی نماز جنازہ گھر کے قریب مسجد میں اتوار کی صبح 10 بجے ادا کی گئی اور اسے بلدیہ ٹائون میں قائم نواب الدین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔